پاکستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، 2 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

Published On 02 August,2021 05:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کے 68 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ 79 ہزار پولیو ورکرز کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے ساتھ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق بچوں کی قوت مدافعت کیلئے ہر پولیو مہم میں قطرے پلوانا لازم ہیں لہذا تمام والدین اپنے دروازوں پر فرنٹ لائن ورکرز کو خوش آمدید کہیں اور اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کوقطرے ضرور پلوائیں جبکہ اس سلسلے میں ٹول فری صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور 24 گھنٹے واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر والدین کی بھرپور رہنمائی کی جائے گی اور پولیو ویکسین پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کوقطرے پلانے کیلئے ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

وزارت صحت نے والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی سوال یا شکایت کی صورت میں پولیو ہیلپ لائن پر فوری رابطہ کریں۔وزارت صحت نے کہا کہ پولیو سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے لہذا 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے اس لیے انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔
 

Advertisement