اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند نہیں ہے، پرامن اور مضبوط افغانستان کیلئے پاکستان بھرپور حمایت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کیلئے افغان رہنماؤں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
سیاسی رہنماؤں کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے دین، تاریخ، جغرافیہ ، ثقافت اور رشتے داری کے مضبوط روابط کے ذریعے پاکستان کے عوام کی طرف سے برادر افغان عوام کیلئے بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں افغان رہنماؤں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغانستان کو پائیدار امن ، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تعمیری طور پر مل کر کام کریں۔
وزیراعظم نے افغانستان میں جامع سیاسی حل کیلئے تمام فریقین کے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے یقین دلایا کہ پاکستان اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔
وفد کے اراکین نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور امن کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا معاشرہ کثیر النسلی نوعیت کا ہے اور وہاں پر جامع نظم و نسق کی ضرورت ہے۔ افغان وفد نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔