امریکی شہریوں، اتحادیوں کی انخلا میں مدد کرنے پر پاکستان کے مشکور: لنزے گراہم

Published On 28 August,2021 07:10 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کے سینیٹر لِنزے گراہم نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں، ہمارے اتحادیوں اور دیگر ممالک کی انخلا میں مدد کرنے پر پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔

امریکی سینیٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان کو افغانستان کے تنازع کے پائیدار حل کا لازمی طور پر حصہ ہونا چاہیے۔ یہ خطہ انتہائی پیچیدہ اور موجودہ دور میں نہایت خطرناک ہے۔

اپنے ٹویٹر پر انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان، ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک ہے۔ امریکی شہریوں، ہمارے اتحادیوں اور دیگر ممالک کی انخلا میں مدد کرنے پر پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔

امریکی سینیٹر کو ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ انہوں نے سینیٹر لِنزے گراہم سے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بات کی تھی اور انہیں افغانستان سے انخلا میں معاونت کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔