طالبان کے اقتدار میں افغان عوام کیلئے پہلا امدادی مشن، پی آئی اے کا طیارہ مزار شریف پہنچ گیا

Published On 30 August,2021 06:23 pm

مزار شریف: (ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے مہیا کی گئی ادویات اور دیگر امدادی سامان لے کر افغانستان کے شہر مزار شریف پہنچ گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا عالمی امدادی مشن ہے جو امریکی انخلا اور طالبان کے ملک پر کنٹرول کے بعد افغانستان پہنچا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی آئی اے کی جانب سے جاری پیغام میں پی آئی اے نے کہا ہے کہ یہ انسانی امداد کی عالمی کوششوں کا حصہ ہے۔

افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے خصوصی فلائٹ کو انسانی امداد کیلئے قائم ایئر برج‘ سے تعبیر کرتے ہوئے پی آئی اے حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ قومی ایئر لائن کا کا خصوصی بوئنگ 777 کارگو طیارہ ڈبلیو ایچ او کا امدادی سامان لے کر مزار شریف پہنچا ہے۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے لکھا کہ افغان بھائیوں کی مدد کیلئے یہ افغانستان پہنچنے والی پہلی امدادی فلائٹ ہے۔