اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو روکنے کیلئے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ ن لیگ نے بطور جماعت پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) نے بطور جماعت پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اٹھارٹی کو روکنے کا فیصلہ کیا۔
شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا راستہ روکنے کے لئے پارلیمنٹ سمیت تمام قانونی آپشنز بروئے کار لائیں گے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور حکمت عملی تجویز کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر نے پارٹی رہنماؤں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میڈیا کی تمام نمائندہ تنظیموں نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کیا ہے، پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے، ہر فورم پر روکیں گے، نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے نہ مشاورت ہوئی اور نہ ہی تجاویز لی گئیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور کو بہتر بنانا نہیں، میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے، صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لیا گیا، نہ ہی ان کی رائے اس کالے قانون کی تیاری میں شامل ہے، یہ کالا قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہار رائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گ، آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔