صفاء گولڈ شاپنگ مال ریفرنس: سی ڈی اے افسران اور بلڈنگ مالک کو سزا سنا دی گئی

Published On 03 September,2021 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے شاپنگ مال کی غیر قانونی منزلیں بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر دائر نیب ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا۔ سی ڈی اے افسران اور بلڈنگ مالک کو قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے فیصلہ سناتے ہوئے صفاء گولڈ مال کے مالک راناعبدالقیوم کو 7 سال قید اور ایک ارب روپے جرمانے کی سزا سنا ئی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر 5 سال مزید قید کاٹنی ہوگی۔

شریک ملزم سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے غلام مرتضی ملک کو 5 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ، شریک ملزمان عمار ادریس کو 3 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ، خادم حسین کو 1 لاکھ روپے جرمانہ اور جوڈیشل قید جبکہ خلیل احمد کو ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ ملزمان کو عدالت سے ہی گرفتار کرلیا گیا۔

عدالت نے صفاء گولڈ مال کی آخری چار منزلیں سرکاری ملکیت قرار دیتے ہوئے سی ڈی اے کو ان کا کرایہ وصول کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ مالک رانا عبدالقیوم سے ان چار منزلوں کا اب تک کا کرایہ بھی وصول کیا جائے۔