سائنو فارم، سائنو ویک لگوانے والے افراد برطانیہ کا سفر کرنے کے اہل قرار

Published On 09 November,2021 03:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانیہ کا بڑا فیصلہ، پاکستانیوں کے لیے 22 نومبر سے مزید سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سائنو فارم، سائنو ویک، کوویکسین کیساتھ ویکسینیٹڈ افراد کو برطانیہ کا سفر کرنے کے لئے اہل قرار دے دیا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والوں کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے، برطانیہ نے سائنو فارم، سائنو ویک اور کوویکسین کو بھی ویکسینیشن فہرست میں شامل کر لیا، پاکستان سے ان ویکسینز کے ساتھ ویکسینیٹڈ افراد بھی 22 نومبر سے برطانیہ جا سکیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 558 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 77 ہزار 560 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 400 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 41 ہزار 257، سندھ میں 4 لاکھ 72 ہزار 213، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 78 ہزار 687، بلوچستان میں 33 ہزار 345، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 394، اسلام آباد میں ایک لاکھ 7 ہزار 169 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 495 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 11 لاکھ 85 ہزار 396 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 373 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 26 ہزار 157 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 206 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 558 ہوگئی۔ پنجاب میں 12 ہزار 954، سندھ میں 7 ہزار 598، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 774، اسلام آباد میں 947، بلوچستان میں 358، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 741 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement