اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ہم نے ٹیکس کم کر کے عوام پر زیادہ بوجھ نہیں پڑنے دیا، پٹرولیم لیوی پوری لگ جاتی تو فی لٹر قیمتیں 170 روپے سے بھی اوپر ہوتیں۔
اسلام آباد میں ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ ہم نے پٹرولیم لیوی پر 400 ارب کے ٹیکسوں کو کم وصول کیا، اگر پٹرولیم لیوی پوری لگ جاتی تو قیمتیں 170 سے اوپر ہوتی، ہم نے ٹیکسز کو کم کر کے عوام پربوجھ نہیں ڈالا، عالمی سطح پرمہنگائی کا ایک طوفان آیا ہے اس کا اثرپاکستان پربھی پڑا۔ دنیا میں 50 سالہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرٹیلائزرکی ذخیرہ اندوزی سندھ میں ہورہی ہے، سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں ہے، وہاں پر اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، سائیں سرکار کیوں سندھ کے کسان کی دشمن بنی ہوئی ہے، سندھ کے کسانوں کوپانی نہیں ملتا توملبہ ہم پرڈال دیتے ہیں، ہم یوریا پرسبسڈی دینے کی بات کرتے ہیں تو مراد علی شاہ کی حکومت تعاون نہیں کرتی۔ پنجاب میں ذخیراندوزوں کے خلاف 347 مقدمات دائر کیے گئے ہیں، اور 244 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ جرمنی، چین، فرانس، امریکا میں بھی مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹے، کورونا کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس موقع پر ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اس وقت1970کے بعد پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔ لاہور میں چینی 90 روپے کلو جبکہ کراچی میں اب بھی 100روپے ہے، آٹے کی قیمتوں میں بھی استحکام آگیا ہے، دال مونگ کی قیمت نیچے جبکہ دال مسورکی قیمت اوپرگئی ہے، باہرسے آنے والی چیزوں میں مہنگائی ہوئی، ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، واٹر، الیکٹرک سٹی میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، کھانے پینے کی اشیا میں صرف 8 فیصد مہنگائی ہوئی، یہ دلیل ہے کہ ہم بہت اچھا چل رہے ہیں۔