اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن "لارڈ ڈینیئل ہینن (Lord Daniel Hannan) نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لارڈ ڈینیئل ہینن، نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہء برطانیہ اور برطانوی سیاسی شخصیات کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے لارڈ ڈینیئل ہینن کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے، کثیرالجہتی دو طرفہ مراسم ہیں۔ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی، تجارتی و سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک شراکت داری معاہدے سے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات، مزید وسعت پذیر ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانیوں کی موجودگی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگِرہ کو بھرپور انداز میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مجھے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرس سمیت برطانیہ کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات کا موقع ملا۔ برطانوی پارلیمنٹ کی فارن ریلیشنز اور ڈیفنس کمیٹیوں کے سربراہان کے ساتھ بھی خصوصی نشستیں ہوئیں۔