اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے اپنے پارٹی ورکرز اور صحافیوں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کی کال دے دی، شیری مزاری کہتی ہیں مارشل لاء لگ چکا اعلان باقی ہے، فواد چودھری بولے اب معاملہ مارشل لاء سے اوپر چلا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری کا کہنا تھا رجیم چینج کے بعد فاشزم میں تیزی آئی، حقیقت میں مارشل لاء لگ چکا، اب آپ اس کا صاف اعلان کر دیں، قوم کو اب پتا چل گیا ہے کہ نامعلوم افراد کون ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا عام طور پر گرفتاری پولیس کرتی ہے لیکن اب رینجرز بھی ہمراہ ہوتی ہے۔ اسلام آباد میں شیلنگ بھی رینجرز نے کی، لگتا ہے پولیس کٹھ پتلی ہے، ایسا تو مارشل لاء دور میں بھی نہیں ہوتا۔
فواد چودھری نے بتایا کہ ہم وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز اور پنجاب حکومت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے جبکہ صحافیوں اور ہمارے کارکنان کے خلاف ایف آئی آرز اور گرفتاریوں کے خلاف آج پریس کلبز کے باہر احتجاج کریں گے۔