لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، مسلمان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی کر رہے ہیں۔
دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے اہل وطن کوعید کی ڈھیروں مبارکیں، اس پرمسرت موقع پر ہر سو خوشیاں پھیلی ہیں۔ اپنے رب رحیم کی رضا کیلئے مسلمانان توحید قربانی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے عید الاضحیٰ پر اہل وطن کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے خواہشات کی قربانی ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیرکا حامل ہے، اللہ پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کی عبادات ،حج اور قربانیاں قبول کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اہل وطن کو عید کی مبارک باد دی۔ لاہور میں نماز عید کی ادائیگی کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری قربانی کا اصل مفہوم ہے، ناداروں اور بے کسوں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کرسکتے ہیں، مہنگائی کی عالمی لہر میں ضرورت مندوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیدِ سعید جو ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، کی خوشیاں مناتے اور رب العزت کے احسانات پر کلماتِ شکر ادا کرتے ہوئے جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اہلِ کشمیر و فلسطین کو یاد کرتے ہوئے ان کے لئے دستِ دعا دراز کریں۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید مبارک! عیدِ سعید جو ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، کی خوشیاں مناتے اور رب العزت کے احسانات پر کلماتِ شکر ادا کرتے ہوئے آئیے جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اپنے پیاروں سے محروم اہلِ کشمیر و فلسطین کو یاد کرتے ہوئے ان کے لئے دستِ دعا دراز کیجئے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 10, 2022
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارک با دیتے ہوئے کہا کہ خوشیوں کا یہ تہوار امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پروتا ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کے بغیر اخلاقی سربلندی حاصل نہیں ہوسکتی ،ہمیں ملک و قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔