اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کسی ادارے کو برا بھلا کہنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے اب عدالتوں کو پتا چل جانا چاہیے، عمران خان کو اپنے کئے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے، ڈھیٹ شخص کھل کر جھوٹ بولتا ہے، بزدل،انا پرست،خود پسندی اور تکبر میں ڈوبا شخص خطرناک ہی ہوتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاست کے لئے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتے ہیں، انہوں نے قوم اور میڈیا سے اپیل کی کہ خودپسند، اناپرست کے بجائے سیلاب متاثرین کی طرف اپنی توجہ مرکوز رکھیں کیوں کہ یہ بیمار ذہنیت سیلاب متاثرین کے آٹے پر بھی سیاست کرتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان سیلاب متاثرین کے جذبات سے کھیل کر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، یہ شخص اپنی گھٹیا سیاست کے لیے سیلاب متاثرین کی امداد رکوانا چاہتا ہے، یہ وہی ذہنی بیمار ہے جو اپنی سیاست کے لیے شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتا ہے۔