ضمنی انتخاب میں عمران خان کے بیانیے کی جیت ہوئی: فیاض الحسن چوہان

Published On 17 October,2022 10:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی جیت اصل میں عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے، پوری پاکستانی قوم کو حکومت سے کوئی غرض نہیں، وہ فی الفور الیکشن چاہتے ہیں۔

فیاض چوہان نے پی ٹی آئی کی شاندار فتح پر اپنے بیان میں کہا کہ حکمران نوشتۂ دیوار پڑھ لیں اور اپنا قبلہ و کعبہ درست کر لیں، آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھتے ہوئے فوری طور پر الیکشنز کا اعلان کیا جائے، پاکستان کے مقتدر حلقے الیکشن کے نتائج دیکھ کر فوری طور پر اپنی پالیسی تبدیل کریں۔

ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا انقلاب امپورٹڈ حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا، مائنس ون کا خواب دیکھنے والوں کے چہرے پر ضمنی الیکشن کی شکست عوام کی طرف سے زناٹے دار تھپڑ ہے، مرضی کے میدان، کھلاڑی اور امپائرز کے باوجود امپورٹڈ حکومت کو شکست ہوئی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ چوروں لٹیروں، نوسربازوں کی پاکستانی سیاست میں اب کوئی جگہ نہیں، عوام نے کرپٹ، نااہل اور نالائق ٹولے کو گلی محلے کی سیاست تک محدود کر دیا ہے۔