لکی مروت(دنیا نیوز) لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گروں کا حملہ، 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
لکی مروت میں تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کیا، پولیس چوکی عباسہ خٹک کی موبائل گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں پولیس اہلکار سوار تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی بھی شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکرٹر علم دین، کانسٹیبل پرویز، احمد، دل جان، عبداللہ اور محمود کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پولیس وین پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
محمود خان نے شہید ہونے والوں کی درجات بلندی اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوناک ہے، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پولیس وین پر دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، پولیس نے دہشتگردی کیخلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، پورا پاکستان دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا۔
صدر عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہدا کیلئے بلندی درجات، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت عارف علوی نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان نے لکی مروت میں پولیس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس ہے، پولیس اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔