سال 2023 میں 2 بار سورج اور 2 بارچاند گرہن ہوگا

Published On 31 December,2022 05:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2023 میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2 سورج اور 2 چاند گرہن ہوگا۔

محکمہ موسمیات کراچھی کا کہنا ہے کہ نئے سال کا پہلا مکمل سورج گرہن 20 اپریل 2023 کو ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر34 منٹ پر شروع ہوگا، مکمل سورج گرہن9 بجکر 17 منٹ پرہوگا اور 10 بج کر57 منٹ پرختم ہوگا، پاکستان میں یہ سورج گرہن نہیں دیکھا جاسکے گا۔

سال کا پہلا جزوی چاند گرہن 5 اور 6 مئی کی درمیانی شب کوہوگا۔ یہ چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 13 منٹ پر شروع ہوگا جو 10 بجکر 23 منٹ پر مکمل ہوگا جس کا اختتام اگلے دن 6 مئی کو 12 بجکر 33 منٹ پر ہوگا۔

یہ بھ ی پڑھیں: رواں سال کی طرح 2023 بھی معیشت کیلئے مشکل ترین ہوگا : احسن اقبال

چاند گرہن کا کل دورانیہ 4 گھنٹے اور 18 منٹ ہوگا، پاکستان میں جزوی چاند گرہن مکمل طورپرنظر آئے گا۔اس کے علاوہ دیگر ممالک بنگلہ دیش،بھارت،سری لنکا،ایران،عراق،متحدہ عرب امارات،روس،چین،اور متعدد ایشائی ممالک میں دیکھا جائے گا۔

سال 2023 کا دوسرا جزوی سورج گرہن 14 اور 15 اکتوبر کو لگے گا جس کا آغاز پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجکر 4 منٹ پر ہو گا۔مکمل سورج گرہن رات 10 بجکر 59 منٹ اور اختتام 15 اکتوبر یعنی اگلے دن رات 12 بجکر 50 منٹ پر ہوگا۔
سورج گرہن کا کل دورانیہ 5 گھنٹے 54 منٹ ہو گا، پاکستان سمیت دیگر ایشائی ممالک میں رات ہونے کی وجہ سے یہ دیکھا نہیں جا سکے گا۔

امریکا ،برازیل، کینیڈا سمیت دیگر مغربی ممالک میں یہ سورج گرہن دیکھا جا سکے گا، جزوی سورج گرہن کو رنگ آف فائر کا نام دیا گیا ہے۔

2023 کا دوسرا جزوی چاند گرہن 28 اور 29 اکتوبر کی شب کو لگے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجکر2 منٹ پرہوگا جبکہ عروج اگلے دن 29 اکتوبر کورات ایک بجکر53 منٹ پراوراختتام 3 بجکر 28 منٹ پر ہوگا۔اس کا کل دورانیہ 4 گھنٹے 27 منٹ ہوگا، یہ چاند گرہن پاکستان میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔