یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

Published On 15 March,2023 07:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے زیراہتمام ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔

کانفرنس کےافتتاحی سیشن میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے کلیدی خطبہ پیش کیا، پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر اور یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر نے کانفرنس کے انعقاد پر یو سی پی کی کاوشوں کو سراہا۔

کانفرنس کا اہتمام یو سی پی فیکلٹی آف ہیومنٹیز اینڈ سوشل سائنسز نے کیا، ڈنمارک کے سفیر جیکب لنولف اور یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر مائیکل روسمین نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

پروریکٹر یو سی پی ڈاکٹر نصر اکرام، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی کانفرنس میں شریک ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جسٹس جواد حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہا ہے، پارلیمنٹ اور عدلیہ ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کر رہی ہیں، ماحولیاتی انصاف کے حوالے سے پاکستانی عدلیہ کے فیصلوں کی دنیا بھرمیں پذیرائی کی جاتی ہے۔

ڈنمارک کے سفیر جیکب لنولف کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے سیلاب سے سندھ کے حالات دکھی کر دینے والے تھے، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی ہر طرح سے مدد کے لئے تیار ہیں۔

یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر مائیکل روسمین نے اس موقع پر کہا امریکا کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ابتدائی طور پر 100 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کے لئے گزشتہ سال بہت مشکل رہا، پاکستان کے ساتھ گرین الائنس کے تحت سیلاب سے بچاؤ اور فوڈ سکیورٹی کیلئے تعاون کیا جا رہا ہے۔

پروریکٹر یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نصر اکرام نے کانفرنس میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Advertisement