لاہور: (دنیا نیوز) پولیس کی پٹرولنگ گاڑیوں میں جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے کے جدید کمپیوٹر سسٹم کی تنصیب کا آغاز ہو گیا، جرائم کی روک تھام کے لیے امریکہ اور برطانیہ میں مستعمل اس نظام کو پنجاب پولیس نے اپنی ورکنگ کا حصہ بنالیا۔
ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن عمران احمر نے آئی جی پنجاب کو کمپیوٹر سسٹم میں ای پولیس پوسٹ کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ موٹر وے، دوسرے صوبوں کی پولیس اور ایف آئی اے کو مطلوب اشتہاریوں کا ڈیٹا بھی اس ایپ میں شامل کیا گیا ہے، جدید کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے سڑک پر چلنے والی کسی بھی گاڑی کے چوری شدہ یا کلیئرنس بارے معلوم ہو جائے گا۔
ڈاکٹرعثمان انور نے مزید کہا کہ جرائم کی روک تھام کیلئے جدید کمپیوٹر ٹیبس میں پنجاب پولیس کی تمام ایپلی کیشنز کو استعمال کیا جاسکے گا، چوری اور ریکارڈ میں تحریف شدہ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹس کی فوری شناخت سے مجرمان کی گرفتاری کا عمل تیز ہوجائے گا۔
آئی جی پنجاب کے مطابق اس سہولت کی بدولت پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی مزید بہتر جبکہ اشتہاریوں اور دیگر مجرمان کی گرفتاریوں میں تیزی آئے گی، ان جدید ٹیبس کی مدد سے پی ایچ پی روزانہ درجنوں اشتہاری اور عدالتی مفروران گرفتار کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن عمران احمر نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی ای پولیس پوسٹ کے ذریعے بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔