عمران خان کی سہولت کاری بیرون ملک سے ہو رہی ہے: جاوید لطیف

Published On 20 May,2023 12:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سہولت کاری بیرون ملک سے ہو رہی ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ملکی معیشت سے کھیلنے والوں کو معاف کر دیا جائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ آئین سے ہٹ کر کوئی چیز قبول نہیں، بیرونی قوتیں پاکستان میں مداخلت کر رہی ہیں، کوئی انہیں باہر بھیجنے کی جرات نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں بیٹھے جو لوگ سیاست نہیں کر سکتے وہ سیاست کروا رہے ہیں، پی ٹی وی اور وزیرِ اعظم ہاؤس پر حملہ کیا گیا، املاک اور ریاستی اداروں پر حملہ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔

جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ کیا پہلے پاکستان مخالف قوتوں کے اس طرح خطوط آئے؟ نواز شریف اور اس کی فیملی کے ساتھ جو کچھ کیا گیا، کیا اس پر کوئی خط آیا؟ 2018 میں جب آر ٹی ایس بیٹھا تھا کیا کوئی خط آیا تھا؟

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اب نہیں تو کبھی نہیں، مدینہ منورہ میں جو ہوا اس پر اگر ایکشن لیا جاتا تو 9 مئی کے واقعات نہ ہوتے، سیاسی قیادت کے سینوں میں بہت سے راز ہیں، اگر میری ریاست خطرے میں پڑ گئی تو میں زبان پر لگا تالا کھولوں گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر آپ مذہبی ٹچ دینے والوں کو چھوڑ دیں گے تو دفاعی تنصیبات پر حملہ ہونا ہی تھا، کیا افسوس اور مذمت سے ریاست کے دفاع کا جو مذاق اڑا ہے وہ واپس آئے گا، پاکستان میں انتشار کا جو بیج بویا گیا تھا آج وہ درخت بن چکا ہے۔