بیورو کریسی ٹھیک طریقہ سے اپنا کام کرے ورنہ مجھے ٹھیک کرنا آتا ہے: پرویز خٹک

Published On 28 August,2023 10:02 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کا کاغان ضلع مانسہرہ میں شمولیتی جلسہ، سید مزمل شاہ اپنے بیٹے سابق صوبائی وزیرسید احمد شاہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین میں شامل ہو گئے۔

شمولیتی جلسہ میں کاغان سمیت تحصیل بالاکوٹ سے بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ نے شرکت کی، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے وائس چیئرمین محمود خان نے کہا کہ ہمارا نعرہ امن ترقی وخوشحالی ہے، ملک میں امن ہو گا تو ترقی آئے گی اور ترقی سے پوری قوم خوشحال ہو گی۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے نئی پارٹی بنائی ہے، اس کا اپنا نعرہ، اپنا منشور ہے، پارٹی منشور صوبہ اور پورے پاکستان تک پہچانا ہمارا مشن ہے، نوشہرہ جلسہ کے بعد ہمارا سفر اب آگے بڑھ رہا ہے جو رُکے گا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن، جنوبی اضلاع مالاکنڈ، پشاور میں بھی عوامی رابطہ مہم، کنونشن کا سلسلہ جاری رہے گا، کاغان، ناران سیاحتی مرکز ہیں پورے ملک سے لوگ یہاں آتے ہیں، یہاں کے مقامی لوگوں پر کے ڈی اے کی جانب سے بے جا ٹیکس ختم کروں گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کے خلاف تھا، ہم اقتدار میں آکر بلدیاتی نظام کو ٹھیک کریں گے، بیورو کریسی کو عوام کا خادم بننا پڑے گا، اس لئے یہ خود کو بادشاہ نہ سمجھے، بیورو کریسی ٹھیک طریقہ سے اپنا کام کرے ورنہ مجھے ٹھیک کرنا آتا ہے۔