پاک چین دوستی دنیا کے اہم ترین تعلقات کی ایک مثال بن چکی: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

Published On 21 September,2023 01:03 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دنیا کے اہم ترین تعلقات کی ایک مثال بن چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبہ کیلئے قابل فخر اعزاز ہے کہ اسے چین کے شہر ننشیا میں منعقدہ تیسرے انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز فورم کا افتتاح کرنے کا موقع ملا اور باوقار تقریب میں افتتاحی تقریر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ انٹر نیشنل فرینڈشپ سٹیز فورم نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور پائیدار رشتے کو مزید تقویت دینے کیلئے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کیا، پاک چین دوستی دنیا کے اہم ترین تعلقات کی ایک مثال بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عالمی امور میں پاک چین دوستی کی اہمیت اور پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کیا، ملک کی ثقافتی دولت، اقتصادی صلاحیت، اور عالمی سطح پر امن اور تعاون کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کیا۔