گورنر سندھ کی رات گئے مہران بیس آمد، بلوچستان میں شہید جوانوں کی میتیں وصول کیں

Published On 04 November,2023 02:55 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری مہران بیس پہنچے اور بلوچستان میں شہید ہونے والے جوانوں کی میتیں وصول کیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری رات گئے مہران بیس گئے اور بلوچستان کے علاقے پسنی میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کی میتوں کو وصول کیا، اس موقع پر گورنر نے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کے 3 مختلف واقعات: پاک فوج کے 3 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 14 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گھناؤنے فعل میں ملوث دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشت گردوں کو پکڑ کر کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔