شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات، انتخابی امور پر تبادلہ خیال

Published On 11 November,2023 08:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات میں الیکشن کی تیاریوں اور حلقوں میں جاری انتخابی سرگرمیوں بارے تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں سائرہ افضل تارڑ، عرفان خان ڈاہا، محمد خان ڈاہا، ناصر بوسال، ڈاکٹر نثار چیمہ شامل تھے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاءاللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا، انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کے تاریخی جذبے سے الیکشن میں جانا ہے، انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی جیت معیشت کی بحالی کی ضمانت ہو گی، مسلم لیگ (ن) انتخابات میں جتنی زیادہ نشستیں جیتے گی، اتنی تیزی سے مہنگائی میں کمی لانا ممکن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں امن و ترقی، مہنگائی میں کمی والا وہی دور چاہتے تھے جو نوازشریف چھوڑ کر گئے تھے، شہبازشریف نے عطاء اللہ تارڑ کو تھانہ حملہ کیس میں بریت کی بھی مبارک دی، انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بہادری اور استقامت پر فخر ہے۔