لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پابندی کے باوجود سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود سرکاری ملازمین کے ٹرانسفر کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔
عدالت نے کہا کہ آگاہ کیا جائے کہ الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود ٹرانسفرز کیسے ہو رہی ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ پابندی کے باوجود دور دراز اضلاع میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے، عام انتخابات کی تاریخ آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ٹرانسفرز پر پابندی عائد کی ہے، الیکشن کمیشن کی پابندی کو ہوا میں اڑایا جا رہا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پابندی کے بعد کی جانے والی ٹرانسفر کو کالعدم قرار دے۔
بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔