کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمپین کا 27 دسمبر سے گڑھی خدا بخش سے آغاز کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں شیری رحمان، شرجیل میمن، شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ستائش کا اظہار کیا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بروقت الیکشن کا مطالبہ کیا، پیپلزپارٹی تو پہلے ہی الیکشن کے میدان میں ہے، کورکمیٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، بلاول بھٹو کمپین کو خود لیڈ کریں گے، عدالتی فیصلے سے پہلے ابہام تھا، کبھی سردی تو کبھی کچھ باتیں کی جارہی تھیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی الیکشن کا تسلسل سے مطالبہ کر رہی تھی، سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں، پنجاب کے اندر من پسند ٹرانسفرز، پوسٹنگیں کی جارہی ہیں، پنجاب کے اندر لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جا رہی، 27 دسمبر سے پیپلزپارٹی کی باضابطہ الیکشن کمپین کا آغاز ہوگا۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ جو ترقی سندھ میں ہوئی اسے پورے پاکستان میں لانے کا وقت آگیا ہے، عوام ووٹ سے پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے، ہم لاشیں اٹھا کر لڑنے کے عادی ہیں، بلاول بھٹو
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، الیکشن شیڈول کے حوالے سے بات ہوئی، پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت جس نے بروقت الیکشن کے لئے زور دیا، باقی جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی تھیں، بلاول بھٹو نے ہر ضلع میں ورکرز کنونشن کئے۔
شیرجیل میمن نے مزید کہا کہ کچھ جماعتوں نے ہائیکورٹ جاکر پٹیشن دائر کرکے بہانہ تلاش کیا، پیپلزپارٹی واحد جماعت جس نے اپنے منشور پرعمل کیا، کچھ لوگوں نے کہا ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کر دی تھی، کچھ لوگ جھوٹ بول کر اپنی کمپین چلا رہے ہیں۔