ڈاکٹرز ہسپتال میں پولیس گردی: صدر پریس کلب کی مقدمہ درج کرنے کی ڈیڈ لائن

Published On 25 December,2023 07:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا ہے کہ آج تین بجے تک ڈاکٹرز ہسپتال میں پولیس گردی کا مقدمہ درج نہ ہو ا تو احتجاج کریں گے۔

"دنیا نیوز" سے گفتگو کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات انتہائی افسوس ناک واقعہ ہوا، سی آئی اے پولیس نے ڈاکٹرز ہسپتال پر دھاوا بولا، ایسے واقعے کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی محمد علی بٹ سمیت دیگر کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج ہونا چاہئے، محمد علی بٹ کی سربراہی میں غنڈے بدمعاش ہسپتال میں آئے، ایک رپورٹرز، دوسری ہسپتال انتظامیہ نے تھانہ جوہرٹاؤن میں درخواست دی۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس گردی کا واقعہ: ڈی آئی جی سی آئی اے لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ لاہورپولیس کا رویہ شرمناک ہے، تھانوں میں عام شہریوں کی تذلیل کی جاتی ہے، پنجاب پولیس کے رویے کی بہتری کے تمام دعوے جھوٹے ہیں، نگران وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب ہماری 2 درخواستوں پر مقدمے کے اندراج کا حکم دیں۔

صدر لاہور پریس کلب نے کہا کہ سی سی پی او لاہور سے مقدمہ درج کرنے کے لیے بات ہوئی ہے، آج آئی جی پنجاب سے ملاقات بھی ہو گی، پولیس کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، غنڈہ گردی کی فوٹیج موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تین بجے تک مقدمہ درج کرنے کی ڈیڈ لائن دیتا ہوں، اگرمقدمہ درج نہ ہوا تو پھر 4 بجے پریس کلب کے باہر احتجاج ہو گا، اگر ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو آئی جی، سی سی پی او دفاتر کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔