کراچی: موبائل مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا

Published On 26 December,2023 07:15 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی سے متعدد دکانیں جل گئیں، دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا سامان بھی راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی صدر شاہ جہاں موبائل مارکیٹ میں موجود ایک دکان میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر لی اور متعدد دکانوں کو پلیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا سامان جل گیا۔

اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، دکانوں کے تالے اور شٹر توڑ کر بھی آگ بجھانے کی کوشش کی گئی تاہم طویل جدوجہد کے بعد عملے نے آگ پر قابو پا لیا، آتشزدگی کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔