کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اخلاقی اختیار کی بدولت گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھول دئیے گئے، آئندہ 3 برس تک آئی ٹی کورسز کروائے جاتے رہیں گے۔
53 ویں پی این سٹاف کورس اور 21 ویں کوریس پونڈنس سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس اہم کورس کے تمام شرکاء کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، یہ کورسزآپ کو ایک مضبوط، ہوشیار،پیشہ ورانہ مہارت اور مخلص قیادت بننے کا موقع دیتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل حالات اور مسائل کے باوجود پاکستان نیوی خطے میں مضبوط ہونے کا اہتمام کرتی رہتی ہے، پاک بحریہ کی تاریخ بہادری اور قربانیوں کی شاندار روایات سے بھری ہوئی ہے، پاکستان نیوی ملک کی بحری سرحدوں کا دفاع کرنے والی ایک مضبوط فورس ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ نگران حکومت مسائل کے حل کے لئے بتدریج کام کر رہی ہے، ایسا میکنزم بنا دیا ہے کہ یہ پروگرام جاری رہےگا، کراچی کے بعد سکھر میں آئی ٹی کورسز شروع کیے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وطن کی سالمیت، استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے کی کوشش کریں گے۔