لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا، یکم رجب المرجب 13 جنوری 2024ء بروز ہفتہ ہو گی۔
ماہ رجب المرجب کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کے زیر صدارت زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کا اجلاس بمقام ایوان اوقاف شاہ چراغ بلڈنگ نزد ہائی کورٹ لاہور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد جبکہ فنی معاونت کیلئے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین، محکمہ موسمیات پنجاب سے شاہد عباس، محکمہ اوقاف پنجاب سے آصف اعجاز اور حافظ جاوید شوکت نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔
اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، کراچی میں منعقد ہوئے جس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے شرکت کی۔
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) January 12, 2024
مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پرمطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں جن میں نواب شاہ، تھرپارکر، عمرکوٹ کنری، چھور، بدین، حیدر آباد، پسنی، وندر بلوچستان اور دیگر مقامات پر چاند نظر آگیا ہے لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم رجب المرجب ھ13جنوری 2024 بروزہفتہ کو ہوگی۔
اجلاس کے آخر میں فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی،عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام ترقی وخوشحالی، اتحاد و وحدت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔