پاکستان چھوڑنے والے افغانیوں کی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار سے متجاوز

Published On 13 January,2024 08:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 12 جنوری کو مزید 796 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، واپس جانے والوں میں 217 مرد، 207 خواتین اور 372 بچے شامل ہیں۔

افغانستان روانگی کے لئے 36 گاڑیوں میں 55 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی تاہم سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 12 جنوری تک مجموعی طور پر 4 لاکھ 66 ہزار 410 افغان باشندے اپنے ملک جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جن کی وجہ سے سمگلنگ اور بھتہ خوری بہت عام تھی، تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک سے غیر قانونی افراد کا انخلاء جاری ہے۔