ہائرایجوکیشن کا بجٹ کم کرنے سے یونیورسٹیاں دیوالیہ ہوجائیں گی: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

Published On 02 June,2024 04:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ پر ردعمل میں کہا کہ وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 83 ارب روپے سے کم کر کے 32 ارب کر دیا ہے۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ سوشل سیکٹر کا ترقیاتی بجٹ 203 ارب روپے سے کم کر کے صرف 83 ارب کردیا ہے، احسن اقبال تعلیم پر ویسے تو طویل لیکچر دیتے ہیں مگر اب قوم کو اعلیٰ تعلیم سے محروم کرنے پر تلے ہیں۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ بجٹ کم کرنے سے یونیورسٹیاں دیوالیہ ہو جائیں گی، اگر یونیورسٹیوں کی ذمہ داری صوبوں کو منتقل کرنی تھی تو کوئی پروگرام مرتب کرتے، اب وقت آگیا ہے یونیورسٹیاں اپنے بجٹ پر نظرثانی کریں۔