پشاور: (دنیانیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کاکہنا ہے کہ گورنر کے پی کیا حیثیت ہے ؟ وہ اپنے گورنر ہاؤس میں رہیں ورنہ کھانا اور گاڑیاں بند کردیں گے۔
پشاور میں بی آر ٹی کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے ہماری تیاری مکمل ہے ، یہ ہمارے صوبے کے حق پر کٹوتی نہیں کرسکتے، صوبے کے منصوبوں پر وفاق کو کٹوتی نہیں کرنے دیں گے، ان سے حکومت نہیں چل رہی،بجٹ پیش نہیں کرپارہے ہیں ، ہمارے حق پر محاذ آرائی تو یہ لوگ کررہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ صوبہ چلانا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے، بجلی ہمارے دور میں 16روپے یونٹ تھی آج 64روپے یونٹ ہے، بجلی کے بلوں کی مد میں لیا جانے والا پیسہ کہاں جارہا ہے؟ ، عوام کو اچھی ٹرانسپورٹ مہیا کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سائفر میں کچھ نہیں، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا، ہمارے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں،حساب لیں گے۔