اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
فیصل کریم کنڈی نے ایف نائن پارک میں سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی کی میزبانی میں منعقدہ نیزہ بازی کے میلے میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ سالانہ ایونٹ ہوتا ہے جس سے کلچر کو فروغ ملتا ہے، ہمارے ملک میں 65 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کو انگیج کرنا بہت اچھی بات ہے، ایسے ایونٹ وقت کی ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کےمیدان آباد ہونا بہت ضروری ہیں، صوبہ خیبر پختونخوا میں کھیل کے میدان ویران پڑے ہیں، ہم کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، نوجوانوں اور خواتین کی امپاورمنٹ پرکام کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا مشکور ہوں کہ میں نے کہا جو بات کرنی ہے دلیل سے کریں انہوں نے میری بات مانی اور وفاقی حکومت سے بات کی، وزیر اعلیٰ کی مجبوریاں ہیں، مجھے پتا ہے انہیں اپنی نوکری پکی کرنی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو مناظرے کا چیلنج کرتا ہوں جس مسئلے پر بیٹھنا چاہتے ہیں آئیں بیٹھیں، 26 یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز نہیں ہیں اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کو خط لکھا ہے۔