جب تک زندہ ہوں فاٹا، پاٹا پر کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا: علی امین گنڈا پور

Published On 08 June,2024 07:20 pm

سوات: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں فاٹا، پاٹا پر کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے خاموش ہیں، خدا کی قسم اگر ہم نکلے تو تمہاری داستان بھی نہیں رہے گی داستوں میں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پشتونوں نے ہمیشہ قربانیاں دیں، بھٹو کو اقتدار دینے کے لئے پاکستان کو تڑوا دیا، آج پھر وہی تاریخ دہرا رہے ہو، مشرقی پاکستان سے قوم کا نقصان ہوا، شخصیات کے فیصلے ہمارے ملک اور اداروں کی تباہی کر رہے ہیں، ہم شخصیات کے فیصلوں کو نہیں مانتے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کی مینجمنٹ پے سکیل میں وفاق کی طرز پر اضافوں کی منظوری

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کے پاس عوامی مینڈیٹ اور اخلاقی جرات نہیں، کہتے ہیں ہم پر ٹیکس لگائیں گے، ہم پر فیصلے مسلط نہ کرو، پہلے وہ حساب کرو جو ٹیکس لے رہے ہو، ملک شخصیات سے نہیں آئین کے تحت چلتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حق کے لئے ہم لڑیں گے اورمریں گے، حق کے لئے لڑنے کا حکم قرآن میں ہے، صوبے کا حق لیکر اپنی عوام پر لگائیں گے، رشوت لینے والے کو نہیں چھوڑیں گے، مجھے خبریں مل رہی ہیں کہ غیرقانونی طریقے سے جنگل کاٹا جارہا ہے، جنگل کاٹنے والوں کے ہاتھ کاٹ دوں گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم خاموش اور انتظار میں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ہمیں نکلنے کا کہیں، ہم اپنا حق لینا اور چھیننا اچھی طرح جانتے ہیں، بانی پی ٹی آئی ایک نظریئے اورسوچ کا نام ہے، اس سوچ اور نظریئے کو کوئی ختم نہیں کرسکتا، میں کس سے پوچھوں میرا مجرم کون ہے؟

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ نوازشریف، زرداری، مریم نواز، آئی جی پنجاب یا کوئی اور مجرم ہے؟ جعلی کیسز میں ہمارے لیڈر کو سزائیں دی جارہی ہیں۔