اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر طلاق، نکاح اور عدت بارے رائے زنی غیر مناسب اور غیر اخلاقی ہے۔
ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ قرآن و سنت نے نکاح، طلاق اور عدت کے مسائل اور احکامات کو نہایت موثر انداز میں بیان کیا ہے، شریعت نے ان کی حدود و قیود کو واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس وقت جس طرح ان مسائل پر رائے زنی کی جا رہی ہے وہ نہایت غیر مناسب اور غیر اخلاقی ہے، اگر کسی مرد و عورت کو نکاح، طلاق اور عدت کے حوالہ سے مسئلہ ہو تو اسے علما اور طبی ماہرین کی آراء کی روشنی میں دیکھا جا سکتا ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ یہ شرعی مسائل ہیں اور ان کے بارے بے جا، بے سروپا اور فضول بحث و مباحثہ نہ کیا جائے۔
راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں تعصب، تضحیک، تنقید، نفرت انگیزی اور تشدد پسندانہ طرز کی احتیاط کی جائے جو کہ ملک کی سلامتی کے لیے یقیناً نقصان دہ ہے۔