لاہور: (دنیا نیوز) امام مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس آمد پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ آپ کا آنا ہمارے لیے باعث مسرت اور اعزاز کی بات ہے۔
امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے گورنر ہاؤس کی جامعہ مسجد میں نماز ظہر کی امامت بھی کی، گورنر ہاؤس کے سٹاف اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے امام مسجد نبویؐ کی امامت میں نماز ادا کی۔
ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد روح پرور دعا بھی کروائی، امام مسجد نبویؐ نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
بعدازاں معزز مہمان کو گورنر ہاؤس کا دورہ بھی کرایا گیا، گورنر سردار سلیم حیدر خان نے امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کو گورنر ہاؤس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔