سوات:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سوات مالم جبہ روڈ پر بم حملے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ جہان آباد کے مقام پر ہوا جس کے نتیجے میں میں کانسٹیبل برہان شہید اور تین اہلکار سرزمین، حسین گل اور امان اللہ زخمی ہو گئے اور پولیس موبائل کو بھی کافی نقصان پہنچا۔
اس قافلے میں بوسنیا، روس، ویتنام، ایتھوپیا، روانڈا، زمبابوے، انڈونیشیا، ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان اور پرتگال کے سفارت کار شامل تھے۔ تمام سفارت کار مکمل طور پر محفوظ رہے۔
پولیس وین پر بم دھماکے میں زخمی اور شہید پولیس اہلکار کی میت سیدو شریف ہسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
صدرمملکت اور وزیراعظم کی مذمت
صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے سوات میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دھماکے میں شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فورس کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔