اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بھارتی دھمکیوں پر حکومت اور اپوزیشن متحد، ہمارا دشمن مکار اور عیار ہے،الرٹ رہنا چاہئے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے پہلگام واقعہ کی ایف آئی آر پہلے سے درج تھی، دنیا نے بھارت کے جھوٹ کا ساتھ نہیں دیا، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، یہ نہیں ہوسکتا کہ تم پاکستان کا پانی روکو۔
عرفان صدیقی نے بلاول بھٹو کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانی نہیں بہے گا تو اس میں بھارتیوں کا خون بہے گا، بھارت نے بغیر تحقیق پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا، پہلگام واقعہ میں پاکستان کیسے ملوث ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں قدم قدم پر چوکیاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے پاس ہر قسم کی ٹیکنالوجی ہے، تاحال ایک ملزم نہیں پکڑا گیا، بھارت سے پوچھتا ہوں 7 لاکھ افواج کے ہوتے 4 بندے لوگوں کو مار کر کدھر چلے گئے؟