پہلگام حملہ: سینیٹر علی ظفر کا حکومت سے اے پی سی بلانے کا مطالبہ

Published On 29 April,2025 04:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے حکومت سے اے پی سی بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

سینیٹر علی ظفر نے سینیٹ میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں، اگر پاکستان کا ایک قطرہ بھی روکا تو اسے حملہ سمجھیں گے، پانی بند کرنے سے بڑی کوئی دہشت گردی نہیں ہوسکتی، پاکستان نے 60سال سے سندھ طاس معاہدے پر من وعن عمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پہلگام حملے سے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے، دنیا بھارتی پراپیگنڈے کو پہچان چکی ہے، بھارت کو پہلے اپنے گریبان میں دیکھنا چاہئے کہ وہ کشمیر میں کیا کر رہا ہے، بھارتی شہری نریندر مودی کی انتہا پسند حکومت کے ساتھ نہیں۔

علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی اپنے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے، نریندر مودی کو کہنا چاہتا ہوں ہم ڈرنے والے نہیں، پاکستان ایک ایٹمی قوت اور خود مختار ملک ہے، ہم پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے حملہ کیا تو پورا پاکستان کھڑا ہوگا۔