ملیر جیل سے فرار ہونیوالے قیدیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، 73 تاحال مفرور

Published On 11 June,2025 08:55 am

کراچی: (شہباز خان) ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش کا عمل تیزی سے جاری ہے، اب تک 152 قیدیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 73 قیدی ابھی تک مفرور ہیں اور ان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

عید کی تعطیلات کے دوران جیل حکام نے قیدیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جس کے دوران 10 اضافی قیدی جیل کے احاطے سے لاپتہ پائے گئے ان میں سے بیشتر قیدیوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل جاری ہے۔

ملیر جیل سے مجموعی طور پر 225 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے 152 کو گرفتار کیا جا چکا ہے، فرار ہونے والے قیدیوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک قیدی محمد جاوید کو 26 اکتوبر 2024 کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق جاوید نے جیل کے باتھ روم میں لگی لوہے کی جالی کاٹ کر دیوار پھلانگنے کی کوشش کی تھی جس کے دوران وہ زخمی ہو گیا تھا، اس کے فرار کے بعد جیل حکام نے غفلت برتنے پر 7 اہلکاروں کو معطل کیا تھا۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مفرور قیدیوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔