ملالہ کا لڑکیوں کے تعلیمی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

Published On 22 June,2025 10:52 am

لاہور: (ویب ڈیسک) نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے لڑکیوں کے تعلیمی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایب انسٹاگرام پر ملالہ یوسفزئی نے بچپن سے عالمی مشن تک کے سفر کی دل کو چھو لینے والی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے عزم کو دہرایا ہے کہ وہ دنیا بھر کی لڑکیوں کے تعلیمی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔

یہ ویڈیو ملالہ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس میں اُن کے بچپن سے لے کر اب تک کے سفر کی جھلکیاں شامل ہیں، ویڈیو کا آغاز سوات کے علاقے مینگورہ میں ملالہ کی بچپن کی تصاویر سے ہوتا ہے، جہاں انہوں نے طالبان کے دور میں تعلیم کے حق کے لئے آواز اٹھائی۔

ویڈیو میں بعد ازاں ملالہ کی جوانی کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جہاں وہ عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کیلئے سرگرم دکھائی دیتی ہیں۔

ملالہ یوسفزئی نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ میری تعلیم کے لئے شروع ہونے والی یہ جدوجہد، اب دنیا کی ہر لڑکی کی تعلیم کو یقینی بنانے کا مشن بن چکی ہے، جب میں 11 برس کی تھی، مجھے اپنے سکول جانے کے حق کیلئے آواز اٹھانا پڑی کیونکہ طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی لگا دی تھی، مگر جلد ہی مجھے احساس ہوا کہ یہ لڑائی صرف میری نہیں، لاکھوں لڑکیوں کی ہے۔

ملالہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام میں کہا کہ آج بھی دنیا بھر میں 122 ملین لڑکیاں سکول نہیں جا رہیں اور میں اُن کے مستقبل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔

یاد رہے کہ 2012ء میں سوات وادی میں ملالہ پر سکول وین میں طالبان شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد اُنہیں علاج کیلئے برطانیہ منتقل کیا گیا، وہاں سے ملالہ کی آواز پوری دنیا تک پہنچی اور 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں وہ نوبیل انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت بن گئیں۔