اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے اگلے 24 تا 48 گھنٹے کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں اورممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، چترال، اپر دیر، سوات اور کُمراٹ ویلی میں گلیشیئر پھٹنے (GLOF) کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقوں بدسوات، ہنارچی، ترسات ہندور، دارکوٹ اور اشکومن میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گی۔
آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، کوہستان، بنوں، کرک اور وزیرستان میں تیز بارشیں اور آندھی و طوفان متوقع ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، قصور اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، خضدار، ژوب، سبی، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں گرد آلود ہواؤں سمیت شدید بارشیں متوقع ہیں۔
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ اور جیکب آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور بجلی کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں سمیت آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔