ایف ایف ڈی 4 کانفرنس: وزیر خزانہ کا عالمی مالیاتی نظام میں انصاف اور شمولیت بڑھانے پر زور

Published On 01 July,2025 11:18 pm

سیویلا: (دنیا نیوز) دورہ سپین کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف ایف ڈی 4 کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی مالیاتی نظام میں انصاف اور شمولیت بڑھانے بارے ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے، ترقی پذیر ممالک قرض، ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے  کمپرومیسو دے سیویل  اعلامیے کی تجاویز کو سراہا، اقوامِ متحدہ کے زیر نگرانی عالمی قرضہ نظام بارے اصلاحات تجویز کیں، وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کیلئے لئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں  اڑان پاکستان  کے تحت پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ شروع کیا گیا، ٹیکس کا جی ڈی پی سے تناسب 13 فیصد سے زائد کرنے کا ہدف مقرر کیا، گرین فنانسنگ، اسلامی بینکاری اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیر خزانہ کا کینیڈین نائب وزیر کے ساتھ مشترکہ صدارت میں راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے لیے نجی شعبے کی شمولیت ناگزیر ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ مؤثر اور منصفانہ مالی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے، پائیدار ترقی کے لیے شمولیتی اور منصفانہ عالمی نظام ناگزیر ہے۔