9 محرم کے جلوس و مجالس: سکیورٹی الرٹ، فوج تعینات، موبائل سروس جزوی معطل

Published On 05 July,2025 09:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

شہر شہر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

لاہور پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ کا جلوس

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈو سٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا جہاں سکیورٹی کے لیے ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہو گا، نوحہ خوانی اور نماز ظہرین کے علاوہ نماز مغربین بھی جلوس روٹ کے مختلف نقاط پر ادا کی جائے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں آج 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جن کی حفاظت پر ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس کی حفاظت پر 10 ہزار سے زائد اہلکار مامور ہیں۔

ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، تمام ٹیمیں ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، 15 سمیت دیگر اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں گی جبکہ خواتین و بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دفعہ 144 کا مکمل نفاذ کیا جا رہا ہے، جلوسوں و مجالس کے طے شدہ راستوں، اوقات کار، اور لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

کراچی

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی سٹریٹ اور کھارادر سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں، گزشتہ روز 8 محرم کا جلوس بھی سخت سکیورٹی میں نکالا گیا تھا اور اس دوران بھی موبائل فون سروس معطل رہی تھی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے بھی جلوس برآمد ہو گئے جس میں عزادار نوحہ خوانی، ماتم داری، سینہ کوبی اور زنجیر زنی بھی کر رہے ہیں۔

سکھر: 500 سالہ نو ڈھالہ تعزیہ جلوس
ادھر سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا، جلوس یوم عاشور کی شام ختم ہو گا جس کے باعث بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس متاثر ہے۔

ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں آج نو محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا جبکہ فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار اے سے رات 9 بجے برآمد ہو گا۔ 

پشاور میں امام بار گاہ حسینیہ سے مرکزی جلوس برآمد

پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال سے علم اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہو گیا، جلوس میں عزاداران حسین کی زنجیرزنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی جاری ہے۔

 ماتمی جلوس کالی باڑی اور فوارہ چوک بھی جائے گا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ہال میں اختتام پذیر ہوگا، فخر عالم روڈ پشاور صدر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔ شہر میں بی آر ٹی سروس بھی 2 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

پشاور شہر میں 10 ہزار سے زائد پولیس و سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کے اندرون شہر داخلے پر بھی 2 دن کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے، قصہ خوانی بازار، خیبر بازار، سرکلر روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔