وزیراعلیٰ مریم نواز کا محرم میں امن وامان، صفائی، عوام اور عزاداروں کی خدمت کا نیا ریکارڈ

Published On 05 July,2025 10:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا محرم کے موقع پر امن وامان، صفائی، عوام اور عزاداروں کی خدمت کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

حکومت کی جانب سے پنجاب کی تاریخ کے محرم الحرام کے سب سے بڑے انتظامات کئے گئے، عزاداروں کے جلوسوں، مجالس کی بھرپور سکیورٹی جاری ہے۔

پنجاب میں ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار محرم میں سکیورٹی پر تعینات کئے گئے، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اور دیگر اداروں کا بے مثال اشتراک کار کا عمل جاری ہے۔

امن کمیٹیوں کے ارکان جلوسوں اور مجالس کے قریب موجود ہیں اور انتظامات میں معاونت فراہم کر رہے ہیں، محرم الحرام میں پہلی مرتبہ فیک نیوز کے سدباب کے لیے سائبر پٹرولنگ بھی کی جا رہی ہے۔

صوبائی، ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں جامع مانیٹرنگ کے لئے 24/7 کنٹرول روم قائم کئے گئے، عزاداروں کو خوراک اور پانی فراہم کیا گیا۔

فیلڈ ہسپتال، کلینکس آن ویلز سمیت پورا طبی عملہ موجود رہا، عزاداروں کے لئے شربت اور لیموں پانی کی سبیلیں بھی قائم کی گئیں۔

عاشورہ کے جلوس کے شرکا کے لئے ٹھنڈے پانی کی بوتلوں کا بھی اہتمام کیا گیا، سکیورٹی کے لئے سیف سٹی کیمروں سے مسلسل نگرانی جاری ہے۔

داخلی اور خارجی مقامات پر خصوصی سکیورٹی گیٹس لگائے گئے، ڈرونز سے بھی نگرانی کی گئی جلوس اور مجالس کے لئے ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

گرمی اور حبس کے پیش نظر مجالس اور جلوس کے راستوں میں ٹھنڈے پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا جلوسوں کے راستے سے ہر طرح کی رکاوٹیں ہٹائی گئیں۔