پاکستان کا افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہوں کے خلاف کارروائی پر زور

Published On 07 July,2025 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح مذاکرات کے دوران پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، دہشت گرد گروپس علاقائی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، فریقین نے تجارت و ٹرانزٹ تعاون کو گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ مذاکرات 19 اپریل کو پاکستانی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ کابل کے دوران ہونے والے فیصلوں کے تحت منعقد کیے گئے، مذاکرات میں تجارت، ٹرانزٹ تعاون، سکیورٹی اور علاقائی روابط زیر غور آئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار کے کابل دورے میں اعلان کردہ سہولتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، فریقین نے ازبکستان- افغانستان- پاکستان ریلوے کی تزویراتی اہمیت کو تسلیم کیا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ فریقین نے فریم ورک معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

پاکستان نے افغانستان سے قانونی طریقے سے آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے یہ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہوئے، پاک افغان وزارتِ خارجہ کے درمیان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے پہلے مذاکرات تھے۔