پی ٹی آئی کے 4 سال ملک کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے: احسن اقبال

Published On 13 July,2025 06:51 pm

نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کہ پی ٹی آئی کے 4 سال ملک کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔

اپنے آبائی حلقے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے ، ایک سال میں مہنگائی 24 سے 4 فیصد تک آگئی، گندم سپورٹ پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا کسان دوست منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 4 سال ملک کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، اس اناڑی نے پاکستان کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، آج پاکستان کا انجر پنجر ہلا کر اناڑی اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے، اگر اس جاہل اناڑی کو ملک پر مسلط نہ کیا جاتا تو پاکستان کی معیشت دنیا کی بہترین معیشت ہوتی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس اناڑی سے جلد جان چھوٹ گئی، اگر چند سال وہ حکومت رہ جاتی تو خدانخواستہ پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہو جاتی،اناڑی تین سال بعد بھی کہتا تھا کہ ابھی ہم سیکھ رہے ہیں،پاکستان کوئی بچوں کا کھلونا ہے جس سے کھیل کر تم سیکھ رہے تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے، ایٹمی طاقت کے ساتھ سیکھنے کے تجربے نہیں کیے جا سکتے، 2018 میں نواز شریف اور شہباز شریف کی ترقی پر اس نے پانی پھیر دیا، اس نے عثمان بزدار جیسا نالائق وزیراعلیٰ دے کر پنجاب تباہ کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا کوئی ایک قابل ذکر منصوبہ بتا دیں جو انہوں نے بنایا ہو، بتا دیں کہ انہوں نے کوئی موٹر وے بنائی، کوئی ہسپتال، یونیورسٹی بنائی؟ ان کا ایک بھی قابل ذکر منصوبہ نکل آئے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بڑی مشکل سے ملکی معیشت کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، ہمیں اپنی آمدن اور اخراجات میں توازن پیدا کرنا ہو گا۔