لندن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی لندن میں لارڈ واجد خان سے ملاقات ہوئی، برطانوی وزیر ہاؤسنگ، کمیونیکیشن و لوکل گورنمنٹ لارڈ واجد خان سے تجارتی امور پر گفتگو ہوئی۔
جام کمال خان 14 تا 18 جولائی برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، دورے کا مقصد دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور شمولیتی معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ پاکستانی نژاد کمیونٹی کو اقتصادی و سماجی پل کے طور پر استعمال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان-برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام سے لارڈ واجد خان کو آگاہ کیا گیا۔
کونسل کا مقصد تارکین وطن کی مہارتوں کو تجارتی و سرمایہ کاری روابط میں استعمال کرنا ہے، اس موقع پر شہری ترقی، کم لاگت رہائش، اور سمارٹ سٹیز پر تکنیکی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پاکستانی شہری اداروں اور برطانوی کونسلز کو باہمی طور پر جوڑنے پر اتفاق کیا گیا، وزیر تجارت نے میونسپل سطح پر شراکت داری کے لیے برطانوی تعاون کی دعوت دی۔
لارڈ واجد خان کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی گئی، ملاقات پاکستان کی تارکین وطن پر مبنی معاشی سفارت کاری کی حکمت عملی کا حصہ ہے، پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔