26 ارکان کی معطلی کا معاملہ، پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب

Published On 17 July,2025 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔

صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مذاکراتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس تھا اور آج کا اجلاس نتیجہ خیزرہا، اپوزیشن کےساتھ ہمارا اتفاق رائے ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں گالی، گلوچ، نعرے بازی نہیں ہوگی، اپوزیشن لیڈرجب اسمبلی میں بات کریں گے کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریرکے دوران بھی کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی، بزنس ایڈوائزری کے مطابق ہی ایوان کوچلایا جائےگا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ ایتھیکس کمیٹی کوفعال کیا جائےگا، ہراجلاس کے بعد ایتھیکس کمیٹی رولزکی خلاف ورزی کےمعاملے کو دیکھے گی، اپوزیشن نے ارکان کی بحالی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی معطلی والا معاملہ اسپیکردیکھیں گے، اپوزیشن کے 26 ممبران سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، سپیکرپنجاب اسمبلی آج کی میٹنگ میں آن لائن شریک تھے، بیرون ملک سے آکر سپیکرپنجاب اسمبلی اپنی رولنگ دیں گے۔

اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے آڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا حق کسی صورت کسی سے نہیں چھینا جا سکتا، آپ سب کا مشکور ہوں آپ نے مذاکرات میں حصہ لیا، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر آئین کے مطابق ہو، مذاکرات کامیاب ہونے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔