مری :(دنیا نیوز) مسلم لیگ ( ن ) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تجویز پر پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈونگا گلی مری میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں شریف فیملی نے ملکی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریک ہوئے۔
نواز شریف کی تجویز پر پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت آئندہ ماہ 10 نئے وزرا اور مشیروں کی شمولیت متوقع ہے جبکہ نئے ارکان کی اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف گزشتہ تین روز سے مری کے علاقے باغ شہیداں میں قیام پذیر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز ڈونگا گلی پہنچے جہاں اجلاس میں صوبائی کابینہ کی توسیع کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز مل کر نئے وزرا اور مشیروں کے نام شارٹ لسٹ کریں گے جن کا اعلان حتمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔