گلگت :(دنیا نیوز) ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے کہا ہے کہ صوبے میں مواصلاتی نظام بری طرح خراب ہے، رابطہ کاری میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔
اپنے جاری ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا گلگت میں مواصلاتی نظام فائبر پر ہے اور لینڈ سلائڈنگ سے بعض مقامات پر فائبر متاثر ہوئی ہے، صوبائی حکومت مواصلاتی نظام کی بحالی پر بھی کام شروع ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ بابوسر کے افسوسناک واقعے میں جابحق سیاحوں کی لاشوں کی منتقلی بدترین موسم اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے ممکن نہ ہوسکی ہے، کوہستان داسو کے مقام پر سڑک کھلنے کے بعد لاشوں کو روانہ کیا جائے گا، کوہستان انتظامیہ سے بات ہوئی ہے داسو کی حدود میں سڑک کی بحالی جلد ہوگی۔
ترجمان گلگت کا کہنا تھا کہ شاہراہ بابوسر پر سیلابی ریلوں کی وجہ سے لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ بابوسر پر پھنسے مسافر ریسکیو ہو چکے ہیں، شہر کے ہوٹلوں میں موجود ہیں، سرچ آپریشن کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان خود لیڈ کر رہے ہیں۔